چیمپئنز ٹرافی: بھارتی ٹیم کو نوازنے پر برطانوی میڈیا بھی برس پڑا

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کو ایک ہی وینیو پر مسلسل میچز کھیلنے کا فائدہ دینے پر برطانوی اخبار نے طنز کے تیر برسا دیے۔

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز، اسٹیو اسمتھ، سابق انگلش کپتان ناصر حسین اور معروف کمنٹیٹر مائیکل ایتھرٹن کی تنقید کے بعد برطانوی میڈیا نے بھی بھارتی کرکٹ بورڈ کو آڑے ہاتھوں لیا۔ برطانوی اخبار ٹیلی گراف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ "چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں ٹاس کی ضرورت ہی نہیں، بھارتی کپتان سے سیدھا پوچھ لیا جائے کہ وہ پہلے بیٹنگ کریں گے یا بولنگ!”

اخبار نے آئی سی سی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دیگر ٹیموں کو ہزاروں کلومیٹر سفر کرنا پڑا، جبکہ بھارتی ٹیم کو ایک ہی گراؤنڈ پر کھیلنے کی سہولت دی گئی۔ بھارت نے پورا ٹورنامنٹ دبئی میں کھیل کر "زیرو کلومیٹر” سفر کیا، جبکہ نیوزی لینڈ کو سب سے زیادہ 7048 کلومیٹر طے کرنا پڑا۔

کیوی کپتان مچل سینٹنر نے بھی پریس کانفرنس میں تسلیم کیا کہ بھارتی ٹیم کو دبئی میں ہوم گراؤنڈ جیسا ایڈوانٹیج ملا۔

دوسری جانب، سابق کرکٹرز نے بھی آئی سی سی پر جانبداری اور پیسوں کے دباؤ میں فیصلے کرنے کا الزام لگایا، جس پر کرکٹ حلقوں میں نئی بحث چھڑ گئی ہے۔