اسٹیو اسمتھ کا ون ڈے سے ریٹائرمنٹ کا اعلان!

آسٹریلوی کرکٹر نے 14 سالہ ون ڈے کیریئر ختم کر دیا۔

اسٹیو اسمتھ نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق اسمتھ نے چیمپئنز ٹرافی سیمی فائنل میں بھارت سے شکست کے بعد ساتھی کھلاڑیوں کو فوری ریٹائرمنٹ سے آگاہ کیا۔ وہ ٹیسٹ اور ٹی20 کرکٹ کے لیے دستیاب رہیں گے۔

اسمتھ نے اپنے بیان میں کہا، "یہ سفر شاندار رہا، ہر لمحہ یادگار ہے، اور دو ورلڈ کپ جیتنا میرے کیریئر کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ اب ٹیم کو 2027 ورلڈ کپ کی تیاری کا موقع دینا چاہتا ہوں، جبکہ میری توجہ ٹیسٹ کرکٹ پر رہے گی۔”

انہوں نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل، دورہ ویسٹ انڈیز، اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں اپنی شرکت کی تصدیق کی۔

2010 میں لیگ اسپنر کے طور پر ڈیبیو کرنے والے اسمتھ نے 170 ون ڈے میچز میں 5800 رنز بنائے، جن میں 12 سنچریاں اور 35 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ بولنگ میں بھی انہوں نے 28 وکٹیں حاصل کیں۔

چیمپئنز ٹرافی میں اسمتھ نے پیٹ کمنز کی غیر موجودگی میں آسٹریلیا کی قیادت کی، تاہم ٹیم بھارت کے ہاتھوں سیمی فائنل میں شکست کھا گئی۔