رسی وین ڈر ڈوسین کی شاندار بیٹنگ، انگلینڈ کی بیٹنگ لائن ناکام۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے اہم میچ میں جنوبی افریقا نے انگلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پروٹیز نے 180 رنز کا ہدف 29.1 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
جنوبی افریقا کی جانب سے رسی وین ڈر ڈوسین 72 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر نمایاں رہے، جبکہ ہینرک کلاسن نے 64 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ رائن رکلٹن 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیوڈ ملر 7 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے 2 جبکہ عادل رشید نے 1 وکٹ حاصل کی۔
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی انگلش ٹیم 38.2 اوورز میں 179 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ انگلینڈ کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی، اوپنر فل سالٹ 8، بین ڈکٹ 24 اور جیمی اسمتھ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
جو روٹ 37 اور ہیری بروک 19 نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 60 رنز جوڑے، لیکن اس کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ کپتان جوز بٹلر 21، لیام لیونگسٹون 9، جیمی اوورٹون 11، جوفرا آرچر 25 اور عادل رشید 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پروٹیز کے بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
مارکو جانسن اور ویان مولڈر نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، کیشو مہاراج نے 2 وکٹیں جبکہ کاگیسو ربادا اور لنگی نگیڈی نے 1، 1 کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔
جنوبی افریقا کی اس فتح کے بعد ٹورنامنٹ میں پوزیشن مزید مستحکم ہوگئی ہے، جبکہ انگلینڈ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے۔

