معرکہ حق میں خفت کے بعد بھارت کے جنگی جنون میں اضافہ، مزید 31 رافیل لڑاکا طیارے خریدنے کا منصوبہ

بھارت نے فرانس سے رافیل لڑاکا طیاروں کے مزید آرڈرز بڑھانے کا منصوبہ ظاہر کیا ہے جس کے تحت 26 کی جگہ 31 کیریئر بیسڈ طیارے حاصل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

ایک دفاعی رپورٹ کے مطابق پہلے سے جاری ایم آر ایف اے پروگرام کے تحت 114 طیاروں کی منصوبہ بندی موجود تھی جبکہ اضافی خریداری کے بعد مجموعی آرڈر 145 تک پہنچنے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریلائنس ڈیفنس اور ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ بطور پروڈکشن پارٹنرز طیاروں کے فریم بھارت میں تیار کریں گے جبکہ فرانس کی جانب سے بعض پرزہ جات اور جدید اے اے ایس ایم ہتھیاروں کی تیاری کے حقوق بھی منتقل کیے جا سکتے ہیں۔

اس سے قبل 2016 میں بھارت نے فرانس کے ساتھ 36 رافیل طیاروں کی خریداری کے لیے 7.87 ارب یورو مالیت کا بین الحکومتی معاہدہ کیا تھا جس کی فراہمی مکمل ہو چکی ہے، جبکہ 2025 میں بھارتی بحریہ کے لیے 26 رافیل ایم طیاروں کا آرڈر بھی دیا گیا تھا۔