ٹرمپ کسی بھی وقت خامنہ ای سے مل سکتے ہیں، مارکو روبیو

مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ معاہدے کو ترجیح دیتے ہیں اور اگر آیت اللہ علی خامنہ ای ملاقات کی خواہش ظاہر کریں تو صدر ٹرمپ ان سے ملنے کے لیے تیار ہوں گے۔

یہ بات انہوں نے میونخ سکیورٹی کانفرنس کے موقع پر ایک انٹرویو میں کہی۔

روبیو کے مطابق صدر ٹرمپ عالمی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کو اہم سمجھتے ہیں اور وہ کسی بھی رہنما سے بات چیت کے لیے آمادہ ہوتے ہیں، چاہے اختلافات کیوں نہ ہوں۔

روبیو نے کہا کہ اگر ایرانی سپریم لیڈر ملاقات کی درخواست کریں تو یہ ملاقات ممکن ہو سکتی ہے، کیونکہ صدر ٹرمپ کا مؤقف ہے کہ تنازعات کا حل مکالمے کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مشرقِ وسطیٰ میں دوسرا طیارہ بردار بحری جہاز بھیجنے کا فیصلہ ایک احتیاطی اقدام ہے جس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ایران ایسا کوئی قدم نہ اٹھائے جس سے بڑے پیمانے پر تنازع جنم لے۔