ایران نے میزائل پروگرام کو ریڈ لائن قرار دیتے ہوئے مذاکرات مسترد کر دیے

ایران نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ اس کا میزائل پروگرام کسی بھی قسم کی مذاکراتی بحث سے باہر ہے اور اسے “ریڈ لائن” قرار دیا گیا ہے۔

عرب ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں علی شمخانی، جو کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کے سینئر مشیر ہیں، نے کہا کہ میزائل پروگرام پر کسی بھی قسم کی بات چیت ناقابل قبول ہے۔

علی شمخانی کا کہنا تھا کہ ایرانی افواج ہائی الرٹ ہیں اور کسی بھی ممکنہ فوجی کارروائی کا فوری، فیصلہ کن اور مناسب جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ بیرونی طاقتوں کی جانب سے کسی بھی غلط اندازے یا اقدام کی بھاری قیمت چکانا پڑ سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات اسی صورت آگے بڑھ سکتے ہیں جب وہ حقیقت پسندی پر مبنی ہوں اور غیر ضروری مطالبات سے اجتناب کیا جائے، تاہم میزائل پروگرام پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔