ٹرمپ نے مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے کی مخالفت کردی

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مقبوضہ مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے کی مخالفت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس خطے میں استحکام ہی اسرائیل کی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ صدر ٹرمپ سمجھتے ہیں کہ مغربی کنارے میں استحکام اسرائیل کو محفوظ بنانے میں مددگار ہوگا اور فلسطینی علاقوں میں امن و استحکام خطے میں قیام امن کے امریکی ہدف کے مطابق ہے۔

دوسری جانب برطانوی حکومت نے بھی اسرائیلی کابینہ کے اس فیصلے کی مذمت کی ہے جس میں مغربی کنارے پر قبضے کو وسعت دینے کی بات کی گئی۔

برطانوی بیان میں کہا گیا کہ فلسطین کی جغرافیائی ساخت کو یکطرفہ طور پر تبدیل کرنے کی کوشش ناقابل قبول ہے اور اس نوعیت کے اقدامات بین الاقوامی قوانین سے متصادم ہوں گے۔ برطانیہ نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے فیصلوں کو فوری طور پر واپس لے۔

ادھر پاکستان سمیت آٹھ مسلم ممالک نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو ایسے اقدامات سے باز رکھنے کے لیے کردار ادا کرے۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر کسی قسم کی خودمختاری حاصل نہیں اور حالیہ اقدامات مغربی کنارے کے غیر قانونی الحاق اور فلسطینی عوام کی بے دخلی کی کوششوں کو تیز کر رہے ہیں۔