خطے میں کشیدگی، ایران میں امریکی شہریوں کو فوری انخلا کا مشورہ

واشنگٹن: امریکی ورچوئل ایمبیسی نے ایران میں مقیم امریکی شہریوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران میں موجود امریکی شہری اپنی روانگی کا بندوبست امریکی حکومت کی براہِ راست مدد پر انحصار کیے بغیر خود کریں کیونکہ پروازوں کی منسوخی یا تعطل کسی بھی وقت پیدا ہو سکتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر فوری طور پر ایران سے نکلنا ممکن نہ ہو تو شہری اپنے گھروں یا کسی محفوظ عمارت میں رہیں اور خوراک، پانی، ادویات اور دیگر ضروری اشیا کا مناسب ذخیرہ رکھیں۔

امریکی ورچوئل ایمبیسی نے یہ بھی مشورہ دیا کہ حالات سازگار ہوں تو زمینی راستے کے ذریعے آرمینیا یا ترکیے جانے پر غور کیا جا سکتا ہے، جبکہ حکام کے مطابق یہ انتباہ خطے میں بڑھتی کشیدگی اور ممکنہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جاری کیا گیا ہے۔