تہران: ایران کے خلیجی ساحلی اور اہم بندرگاہی شہر بندرعباس میں ایک رہائشی عمارت میں زور دار دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 8 منزلہ عمارت کی دو منزلیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اور ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق دھماکا ہفتے کے روز معلم بلیوارڈ کے علاقے میں پیش آیا، جس سے قریبی دکانوں اور پارکنگ میں کھڑی متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ دھماکے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی جبکہ ریسکیو اور فائر فائٹنگ ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ سرکاری سطح پر تاحال کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں کی گئی، تاہم مقامی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ واقعے میں 5 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔
نیم سرکاری خبر رساں اداروں نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کو مسترد کر دیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ دھماکا پاسداران انقلاب کے کسی کمانڈر کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق اس نوعیت کی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔
واضح رہے کہ بندرعباس آبنائے ہرمز کے قریب واقع ایران کا ایک نہایت اہم تجارتی اور اسٹریٹیجک شہر ہے، جہاں ماضی میں بھی بڑے دھماکوں کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔

