ڈھاکا: بنگلا دیش میں مقامی سطح پر ڈرونز کی تیاری کے لیے بنگلا دیش ایئر فورس اور چائنا الیکٹرانکس ٹیکنالوجی گروپ کارپوریشن (سی ای ٹی سی) انٹرنیشنل کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔
بنگلا دیش کے انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ فریم ورک کے تحت کیا گیا، جس میں ڈرونز کی پیداوار، اسمبلنگ سہولیات کے قیام اور جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی شامل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق معاہدے کے تحت بنگلا دیش ایئر فورس اور سی ای ٹی سی انٹرنیشنل مشترکہ طور پر بنگلا دیش میں جدید ترین ڈرونز کی پیداوار اور اسمبلنگ کی سہولیات قائم کریں گے۔
اس منصوبے میں ٹیکنالوجی ٹرانسفر، افرادی قوت کی استعداد کار میں اضافہ، صنعتی مہارتوں میں بہتری اور مشترکہ تکنیکی تعاون شامل ہوگا، جس کا مقصد ڈرونز کی تیاری کے شعبے میں بنگلا دیش کی طویل مدتی خود انحصاری کو یقینی بنانا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں بنگلا دیش ایئر فورس کو مختلف اقسام کے میڈیم آلٹی ٹیوڈ لو اینڈیورینس (ایم اے ایل ای) اور ورٹیکل ٹیک آف اینڈ لینڈنگ (وی ٹی او ایل) ڈرونز تیار اور اسمبل کرنے کی صلاحیت حاصل ہوگی۔
منصوبے کے تحت بنگلا دیش ایئر فورس مقامی طور پر اپنے ڈیزائن کردہ ڈرونز بھی تیار کرے گی، جو نہ صرف عسکری مقاصد بلکہ امدادی سرگرمیوں اور قدرتی آفات سے نمٹنے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق اس معاہدے سے خطے میں بنگلا دیش کی دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

