امریکا کی ایران سے نئی ڈیل کے لیے چار سخت شرائط، نیول بلاکیڈ پر بھی غور

امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ ایران کے ساتھ ممکنہ نئی جوہری ڈیل کے لیے چار سخت شرائط عائد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جن کا مقصد ایران کے جوہری پروگرام، میزائل صلاحیتوں اور خطے میں اثر و رسوخ کو محدود کرنا ہے۔

رپورٹس کے مطابق، مجوزہ شرائط میں ایران سے تمام افزودہ یورینیئم کی مکمل منتقلی، ایران کے اندر یورینیئم کی افزودگی پر مکمل پابندی، طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل پروگرام پر حد بندی اور خطے میں ایران کی حمایت یافتہ پراکسی تنظیموں سے تعاون ختم کرنا شامل ہے۔

امریکی میڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ واشنگٹن ایران پر نیول بلاکیڈ کے امکانات پر غور کر رہا ہے تاکہ ایران تیل برآمد نہ کر سکے۔

دوسری جانب، ایران نے امریکا اور اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی کو مکمل جنگ تصور کیا جائے گا، جبکہ ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔