اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں موجود آخری اسرائیلی یرغمالی ماسٹر سارجنٹ ران گویلی کی لاش برآمد کر لی گئی ہے۔
فوجی ترجمان کے مطابق، نیشنل سینٹر آف فارنزک میڈیسن نے اسرائیلی پولیس افسر ران گویلی کی شناخت کی تصدیق کر دی ہے، جس کے بعد غزہ لے جائے گئے تمام اسرائیلی یرغمالی زندہ یا مردہ حالت میں اسرائیل واپس آ چکے ہیں۔
لاش کی برآمدگی شمالی غزہ کے ایک قبرستان میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کی گئی، جہاں کئی روز کی کھدائی اور فرانزک جانچ بشمول دانتوں کے ریکارڈ اور فنگر پرنٹس کے بعد شناخت ممکن ہوئی۔
گزشتہ روز حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان نے ثالثوں کو آخری قیدی کی لاش کے ممکنہ مقام سے متعلق تفصیلات فراہم کرنے کی تصدیق کی تھی، جبکہ حماس نے اسے جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد کا ثبوت قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ معاہدے کے تمام پہلوؤں، بشمول غزہ کے انتظام کیلئے قائم قومی کمیٹی کی معاونت، پر عمل جاری رکھے گی۔
اسرائیلی وزیرِ اعظم کے دفتر کے مطابق، کارروائی مکمل ہونے کے بعد غزہ اور مصر کے درمیان رفح کراسنگ دوبارہ کھول دی جائے گی۔
ران گویلی اُن 251 افراد میں آخری تھے جنہیں 7 اکتوبر 2023 کے واقعات کے بعد یرغمال بنایا گیا تھا، اور اس پیش رفت سے اکتوبر میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے اگلے مرحلے پر عملدرآمد کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

