بگ بی کی وضاحت نے مداحوں کو سکون پہنچایا، امیتابھ بچن کے حسِ مزاح کا ایک اور جلوہ۔
بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے حال ہی میں ایک پراسرار ٹویٹ کیا جس نے ان کے مداحوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا۔ ٹویٹ میں لکھا تھا "Time to go” (جانے کا وقت آ گیا ہے)، جس کے فوراً بعد ہی امیتابھ کی ریٹائرمنٹ اور صحت کے حوالے سے افواہیں گرم ہو گئیں۔
سوشل میڈیا پر ان افواہوں نے فوراً زور پکڑا اور مداحوں نے بگ بی سے وضاحت کی درخواست کی۔ کچھ نے سوچا کہ شاید وہ فلموں اور ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ (KBC) سے ریٹائر ہونے والے ہیں، جبکہ کچھ ان کی صحت کو لے کر فکر مند ہو گئے۔
آخرکار، بگ بی نے کون بنے گا کروڑ پتی کے ایک پرومو میں ان تمام افواہوں کو ختم کیا۔ شو میں ایک مداح کے ڈانس کرنے کی درخواست پر انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا،’’کون ناچے گا؟ ارے بھائی صاحب، ہمیں نچانے کےلیے یہاں نہیں رکھا گیا ہے۔‘‘ پورے اسٹوڈیو میں قہقہے گونج اٹھے۔
پھر بات ان کے "Time to go” والے ٹویٹ کی جانب بڑھی۔ ایک مداح نے پوچھا،’’Time to go کا کیا مطلب ہے؟ ‘‘ تو بگ بی نے جواب دیا،’’اس میں ایک لائن تھی، ’جانے کا وقت آگیا ہے‘… تو کیا اس میں کوئی خرابی ہے؟ ‘‘ ان کے اس جواب نے اسٹوڈیو کی بے چینی دور کر دی۔
ایک اور مداح نے تجسس سے پوچھا،’’کہاں جانا ہے؟ ‘‘ تو امیتابھ بچن نے اپنے انداز میں کہا،’’جانے کا وقت آگیا ہے مطلب… ‘‘ لیکن ان کی بات مکمل ہونے سے پہلے ہی پورے اسٹوڈیو نے یک زبان ہو کر کہا،’’آپ یہاں سے کہیں نہیں جا سکتے!‘‘
آخرکار، بگ بی نے وضاحت کی،’’ارے بھائی صاحب، ہمیں کام پر جانے کا وقت آگیا ہے… تم لوگ کیا بات کرتے ہو یار! اور رات کو جب 2 بجے یہاں سے چھٹی ملتی ہے، تو گھر پہنچتے پہنچتے 1-2 بج جاتے ہیں۔ وہ لکھتے لکھتے ہمیں نیند آ گئی، تو وہیں رک گیا… جانے کا وقت اور ہم سوگئے!‘‘
امیتابھ بچن کی اس وضاحت نے نہ صرف ان کے مداحوں کو سکون دیا بلکہ ان کی حسِ مزاح کو بھی مزید اجاگر کیا۔ سوشل میڈیا پر مداحوں نے اس پر تبصرے کرتے ہوئے کہا،’’امیتابھ بچن کا حسِ مزاح ہی انہیں ایک لیجنڈ بناتا ہے‘‘ اور ’’اب ہم سکون کی نیند سو سکتے ہیں، بگ بی کہیں نہیں جارہے!‘‘

