اسٹیون اسمتھ کا اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ، افغانستان کے نور احمد کے خلاف رن آؤٹ کی اپیل واپس لے لی

آسٹریلوی کپتان کا چیمپئنز ٹرافی میں ایک شاندار مثال قائم کرتے ہوئے نور احمد کے خلاف رن آؤٹ کی اپیل واپس لے کر اسپورٹس مین شپ کا شاندار مظاہرہ۔

لاہور میں جاری چیمپئنز ٹرافی کے نویں میچ میں اسٹیون اسمتھ نے اسپورٹس مین شپ کا شاندار مظاہرہ کیا جب انہوں نے 47 ویں اوور میں افغانستان کے کھلاڑی نور احمد کے خلاف رن آؤٹ کی اپیل واپس لے لی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وکٹ کیپر جوش انگلس نے نور احمد کو کریز سے باہر پاتے ہوئے بیلز اڑا دیں، حالانکہ نور احمد کا مقصد رن لینا نہیں تھا بلکہ وہ ساتھی بیٹر عظمت اللہ عمر زئی سے بات کرنے کے لیے بیچ پچ پر چلے گئے تھے۔

اس موقع پر اسٹیون اسمتھ نے فوراً امپائرز کی طرف اشارہ کیا اور اپیل پر عمل کرنے سے انکار کر دیا۔ اگر اس اپیل کو برقرار رکھا جاتا تو نور احمد رن آؤٹ قرار پاتے، لیکن اسٹیون اسمتھ نے کھیل کی روح کو اہمیت دی اور انصاف کے اصولوں کا احترام کرتے ہوئے اپیل واپس لے لی۔

اس واقعے نے کھیل کے میدان میں اسپورٹس مین شپ اور ایمانداری کی ایک بہترین مثال پیش کی ہے۔ اسٹیون اسمتھ کی اس حرکت نے اس بات کو ثابت کیا کہ کرکٹ صرف جیتنے کا کھیل نہیں، بلکہ کھلاڑیوں کی باہمی احترام اور ایمانداری بھی اس کا حصہ ہے۔

یاد رہے کہ افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 273 رنز بنائے اور آؤٹ ہو گئی۔ آسٹریلیا نے ہدف کے تعاقب میں 12.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 109 رنز بنائے، تاہم بارش کے باعث میچ کو روک دیا گیا۔