بالی ووڈ کی نئی ایکشن تھرلر فلم دھریندر کا اکشے کھنہ کا انٹری سین سوشل میڈیا پر غیرمعمولی توجہ حاصل کر رہا ہے، جس میں وہ رحمان ڈکیت کے کردار میں گاڑی سے اتر کر ہجوم کو ہاتھ ہلاتے ہیں اور پھر بغیر کسی پلان کے روایتی رقص شروع کر دیتے ہیں۔ یہ لمحہ اتنی تیزی سے وائرل ہوا کہ ہر پلیٹ فارم پر اسی کلپ کی چرچا ہونے لگی۔
فلم کی ٹیم کے مطابق، یہ رقص پہلے سے طے شدہ نہیں تھا۔ اداکار دانش پانڈور، جو فلم میں عزیر بلوچ کا کردار ادا کر رہے ہیں، نے بتایا کہ کوریوگرافی جاری تھی جب اچانک اکشے کھڑے ہوئے اور ڈائریکٹر آدیتیہ دھر سے پوچھا، ’’کیا میں بھی رقص کر سکتا ہوں؟‘‘ ڈائریکٹر نے مسکرا کر جواب دیا، ’’جو دل کرے کرو!‘‘ اس کے بعد اکشے نے بنا کسی ریہرسل کے رقص شروع کر دیا، جس نے پوری ٹیم کو حیران کر دیا۔
اس سین میں استعمال ہونے والی موسیقی بحرین کے معروف ہپ ہاپ آرٹسٹ فلپراچی کا ٹریک ‘FA9LA’ ہے، جو عالمی سطح پر پہلے ہی مقبول ہو چکا ہے۔ کلپ وائرل ہوتے ہی مداحوں نے تعریفوں کے ڈھیر لگا دیے۔ ایک صارف نے لکھا، ’’یہ سین ایک بینگ ہے! شاندار شوٹنگ اور کوریوگرافی!‘‘
دلچسپ طور پر اِسی وائرل سین نے ایک پرانی یاد بھی تازہ کر دی۔ مداحوں نے اکشے کھنہ کے والد، لیجنڈری اداکار ونود کھنہ کی 1989 کے ایک چیریٹی کنسرٹ کی وڈیو بھی منظرِعام پر لے آئے، جس میں وہ ریکھا، عمران خان اور جاوید میانداد کے ساتھ اسٹیج پر رقص کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ دونوں کلپس کو ساتھ دیکھنے پر شائقین کو باپ اور بیٹے کے انداز میں حیرت انگیز مماثلت نظر آئی، اور کئی صارفین نے مزاحاً لکھا کہ ’’اکشے کھنہ نے دھریندر میں اپنے والد کی کاپی کی ہے!‘‘
اکشے کھنہ کا یہ انٹری سین پہلے ہی دھماکا خیز انداز میں وائرل تھا، لیکن ونود کھنہ کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد گفتگو نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کے مطابق، کھنہ خاندان کی فنکارانہ توانائی واقعی نسل در نسل منتقل ہوتی دکھائی دیتی ہے۔

