ممبئی: بالی ووڈ کے معروف فلم ساز راج کمار ہیرانی نے مداحوں کو 15 سال بعد بڑی خوشخبری سناتے ہوئے بتایا ہے کہ عالمی شہرت یافتہ فلم تھری ایڈیٹس کا سیکوئل اب باضابطہ طور پر شروع ہونے جا رہا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، فلم کا اسکرپٹ فائنل کر لیا گیا ہے اور پوری ٹیم ایک بار پھر ناظرین کو وہی مزاح، جذبات اور سبق آموز پیغام دینے کے لیے پُرجوش ہے جس نے 2009 کی فلم کو ایک کلٹ کلاسک بنا دیا تھا۔
سیکوئل میں پرانی کاسٹ جن میں عامر خان، کرینہ کپور، آر مادھون اور شرمان جوشی شامل ہیں، اپنے مشہور کردار رانچھو، پیا، فرحان اور راجو کے طور پر دوبارہ اسکرین پر جلوہ گر ہوں گے۔ نئی کہانی وہیں سے آگے بڑھے گی جہاں پہلی فلم ختم ہوئی تھی۔ اس بار چاروں کردار زندگی کے ایک نئے موڑ پر ’’بزرگی‘‘ کی جانب بڑھتے دکھائی دیں گے، جس کے مطابق فلم کا ہاسہ بھی نئے رنگ میں ڈھلے گا۔
رپورٹس کے مطابق، اس بار کہانی میں دوستی کی گہرائی، بدلتی ترجیحات، ذاتی جدوجہد، نظریات میں تبدیلی اور نئی پیچیدگیاں مرکزی حیثیت رکھیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ راج کمار ہیرانی کئی برسوں سے سیکوئل پر غور کر رہے تھے لیکن وہ اس وقت کا انتظار کر رہے تھے جب اسکرپٹ مکمل طور پر اُن کے معیار پر پورا اُترے۔ اب جب کہ اُن کی دادا صاحب پھالکے پر بننے والی بایوپک مؤخر ہو گئی ہے، وہ مکمل توجہ اسی پروجیکٹ پر دے رہے ہیں۔
2009 میں ریلیز ہونے والی تھری ایڈیٹس نے بھارتی تعلیمی نظام، گریڈ کلچر اور کامیابی کے روایتی پیمانوں پر وسیع بحث چھیڑ دی تھی۔ فلم کے ڈائیلاگ، خاص طور پر "آل اِز ویل”، آج بھی عوام کا تکیہ کلام بنے ہوئے ہیں۔ اس لیے پوری کاسٹ کی واپسی کے بعد فلم انڈسٹری اور شائقین اسے آنے والے برسوں کی سب سے زیادہ متوقع فلم قرار دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ تاحال عامر خان پروڈکشن یا راج کمار ہیرانی کی جانب سے سیکوئل پر کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا، تاہم اندرونی ذرائع کے مطابق فلم کی تیاری بہت جلد شروع کر دی جائے گی۔

