شاہ رخ خان نے ’ٹو مچ‘ شو میں عدم شرکت کی اصل وجہ بتا دی

بالی وڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان نے بالآخر واضح کردیا ہے کہ وہ کاجول اور ٹوئنکل کھنہ کے مشہور ٹاک شو "ٹو مچ” میں اب تک کیوں شرکت نہیں کرسکے۔ مداح طویل عرصے سے حیران تھے کہ جب سلمان خان، عامر خان، عالیہ بھٹ، جھانوی کپور اور کرن جوہر سمیت کئی بڑے نام شو کا حصہ بن چکے ہیں تو شاہ رخ خان کی عدم موجودگی کی وجہ کیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی ایشین نیٹ ورک سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ رخ خان نے بتایا کہ انہیں شو میں مدعو کیا گیا تھا مگر وہ اپنی نئی فلم "کِنگ” کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ اسی دوران بازو میں چوٹ لگنے کے باعث وہ شو میں شرکت نہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات وہ کاجول کو پہلے ہی بتا چکے تھے۔

شاہ رخ خان نے ہلکے پھلکے انداز میں اعتراف کیا کہ شو کا کھانے والا سیگمنٹ ان کے لیے مشکل ہے، اس لیے بھی وہ شو میں آنے سے کترا رہے تھے۔ تاہم انہوں نے کاجول اور ٹوئنکل سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ شرکت نہ کرسکنے کے باوجود انہوں نے شو کی تمام اقساط دیکھ کر اس کا "کفارہ” ادا کردیا ہے۔

اداکار نے بتایا کہ وہ جلد ہی صحت یاب ہو کر فلم "کِنگ” کی شوٹنگ دوبارہ شروع کریں گے۔

یاد رہے کہ فلم کی شوٹنگ بازو کی انجری کے باعث روک دی گئی تھی۔

شاہ رخ خان کی اس وضاحت نے مداحوں میں پائے جانے والے تمام شکوک دور کر دیے ہیں۔ ان کی باتوں سے کاجول اور ٹوئنکل کے ساتھ ان کے دیرینہ احترام اور دوستی کا اظہار بھی ہوتا ہے، جب کہ مداح اب امید کر رہے ہیں کہ وہ جلد شو "ٹو مچ” میں بطور مہمان نظر آئیں گے۔