اسلام آباد میں تاریخ رقم: اعصام الحق اور مزمل مرتضیٰ اے ٹی پی چیلنجر کے فائنل میں پہنچنے والی پہلی پاکستانی جوڑی بن گئے
پاکستان کے نامور ٹینس اسٹار اعصام الحق اور ان کے ساتھی مزمل مرتضیٰ نے اسلام آباد میں جاری اے ٹی پی چیلنجر ٹورنامنٹ میں نئی تاریخ رقم کردی ہے۔ دونوں کھلاڑی پہلی بار کسی بھی اے ٹی پی ایونٹ کے ڈبلز فائنل میں پہنچنے والی پہلی مکمل پاکستانی جوڑی بن گئے ہیں، جس نے قومی اسپورٹس میں ایک اہم سنگِ میل قائم کردیا۔
اپنے کیرئیر کے آخری اے ٹی پی ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے لیجنڈ اعصام الحق نے اس کامیابی کو تاریخی قرار دیا۔ اس سے قبل اعصام نے اے ٹی پی ورلڈ ٹور کے 42 اور اے ٹی پی چیلنجرز کے 30 فائنلز میں شرکت کی، تاہم ان کے تمام پرانے پارٹنرز غیر ملکی ہوتے تھے۔ اس بار وہ ایک مکمل پاکستانی جوڑی کے طور پر فائنل میں پہنچے، جو ان کے طویل کیرئیر کا یادگار لمحہ بن گیا۔
اسلام آباد میں ہونے والے سیمی فائنل میں اعصام اور مزمل نے ترکیہ کے ایلپ ہوروز اور میرٹ الکایہ کو 1-6 اور 4-6 سے شکست دے کر زبردست اپ سیٹ کیا۔ فائنل میں ان کا مقابلہ جمہوریہ چیک کے ڈومینک پالان اور قازقستان کے ڈینس یاویساو سے ہوگا۔
یہ ایونٹ 15 ممالک کے عالمی کھلاڑیوں کی شرکت سے مزید اہمیت اختیار کر چکا ہے۔ ٹورنامنٹ میں اپ سیٹس بھی دیکھنے کو ملے، جن میں برطانیہ کے جی کلارک کی یوکرین کے وادیم اُرسو پر فتح اور قازقستان کے ڈینس یفسیو کی سیمی فائنل تک رسائی شامل ہیں۔
اسلام آباد میں پہلی بار ہونے والا اے ٹی پی چیلنجر نہ صرف عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنا ہے بلکہ ملکی ٹینس کے لیے ایک نئے دور کا آغاز بھی ثابت ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ اعصام الحق نے حال ہی میں پروفیشنل ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، اور یہ فائنل ان کے کیرئیر کا آخری اے ٹی پی میچ ہوگا، جسے وہ فتح کے ساتھ الوداع کہنا چاہتے ہیں۔

