راولپنڈی میں کھیلے گئے سہ ملکی ٹی20 سیریز کے چھٹے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا جبکہ زمبابوے ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز اسکور کیے۔
کامل مشارا 76 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ کوشل مینڈس نے 40 رنز بنائے۔ داسن شناکا 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد وسیم جونیئر اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ لی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنا سکی۔
کپتان سلمان علی آغا نے شاندار 63 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ عثمان خان نے 33، محمد نواز نے 27 اور صائم ایوب نے 27 رنز بنائے۔ فخر زمان صرف 1 جبکہ بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کی جانب سے دشمانتا چمیرا نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، ایشان ملنگا نے 2 اور ہسارنگا نے 1 وکٹ لی۔
پاکستانی ٹیم میں نسیم شاہ اور عثمان طارق کی جگہ سلمان مرزا اور ابرار احمد کو شامل کیا گیا، جبکہ سری لنکا نے بغیر تبدیلی کے ٹیم برقرار رکھی۔
سہ ملکی سیریز کا فائنل ہفتے کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

