شردھا کپور زخمی، فلم کی شوٹنگ ملتوی

بالی وڈ اداکارہ شردھا کپور فلم ’ایتھا‘ کی شوٹنگ کے دوران ایک ڈانس سیکوینس کے دوران زخمی ہوگئیں جب ان کے پاؤں کی انگلی فریکچر ہو گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شردھا نوواری ساڑھی اور روایتی زیورات میں ڈانس کر رہی تھیں کہ ایک لمحے میں وزن ایک پاؤں پر ڈالنے کی وجہ سے ان کا توازن بگڑ گیا اور وہ زخمی ہو گئیں۔

ہدایتکار لکشمن اوٹیکر نے فوری طور پر شوٹنگ روک دی، تاہم شردھا نے اصرار کیا کہ یونٹ کام جاری رکھے اور ممبئی واپسی کے بعد مدھ آئی لینڈ میں کلوز اپ اور جذباتی مناظر بھی مکمل کیے۔ بعد ازاں درد بڑھنے پر یونٹ کو فلم کی شوٹنگ عارضی طور پر مکمل طور پر روکنا پڑی۔

واضح رہے کہ فلم ’ایتھا‘ مہاراشٹر کی معروف ڈانسر، اداکارہ اور تماشہ آرٹسٹ وتھابائی کی زندگی پر مبنی ہے، جنہیں ریاست کی ثقافتی تاریخ میں ایک عظیم فنکارہ کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ہدایتکار لکشمن اوٹیکر سے رابطے کی کوشش کی گئی، لیکن تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔