ایشیز 2025 کا پہلا ٹیسٹ، آسٹریلیا نے انگلینڈ کو باآسانی شکست دے دی

پرتھ: آسٹریلیا نے پہلے ایشیز ٹیسٹ میں ٹریوس ہیڈ کی دھواں دار سنچری کی بدولت انگلینڈ کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ میزبان ٹیم نے 205 رنز کا مطلوبہ ہدف صرف 2 کھلاڑیوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

آسٹریلوی بیٹر ٹریوس ہیڈ نے 83 گیندوں پر 123 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر فتح میں فیصلہ کن کردار ادا کیا، جبکہ جیک ویدرالڈ 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ مارنس لبوشین 51 اور کپتان اسٹیو اسمتھ 2 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے دونوں وکٹیں برائیڈن کارس کے حصے میں آئیں۔

اس سے قبل انگلینڈ اپنی دوسری اننگز میں بہتر آغاز کے باوجود 164 رنز پر ڈھیر ہوگیا۔ بین ڈکٹ اور اولی پوپ نے 65 رنز کی شراکت سے ٹیم کو سہارا دیا تاہم بعد میں بیٹنگ لائن بری طرح لڑکھڑا گئی۔ گس ایٹکنسن (37) اور برائیڈن کارس (20) نے آخری لمحات میں کچھ مزاحمت دکھائی۔

آسٹریلیا کی جانب سے اسکاٹ بولینڈ نے 4 جبکہ مچل اسٹارک اور برینڈن ڈوگٹ نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز 19 وکٹیں گریں تھیں جو کہ ایشیز کی تاریخ کا منفرد ریکارڈ ہے۔

پہلے ٹیسٹ میں جیت کے بعد آسٹریلیا نے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔