ماہر نجوم کی بڑی پیشگوئی: 2026 شاہ رخ کے لیے خوش قسمت، سلمان کے لیے مشکل

ممبئی: بالی ووڈ کے سپر اسٹارز شاہ رخ خان اور سلمان خان کے مستقبل سے متعلق معروف ماہر نجوم سشیل کمار سنگھ کی نئی پیشگوئی سامنے آگئی ہے، جس میں دونوں اداکاروں کے کیریئر اور ذاتی زندگی کے بارے میں بالکل مختلف رخ کی نشاندہی کی گئی ہے۔

ایک حالیہ انٹرویو میں سشیل کمار سنگھ نے کہا کہ سال 2026 شاہ رخ خان کے لیے مزید کامیابیاں لائے گا، جب کہ سلمان خان کو اسی عرصے میں نمایاں چیلنجز کا سامنا ہوسکتا ہے۔ ان کے مطابق، شاہ رخ خان کی روحانی وابستگی اور منظم طرزِ زندگی نے انہیں مسلسل ترقی کی راہ پر ڈال دیا ہے، اور آنے والے برس بھی ان کے کیریئر کے لیے خوشگوار ثابت ہوں گے۔

نجومی نے دعویٰ کیا کہ شاہ رخ خان کے ساتھ ایک خصوصی روحانی طاقت موجود ہے جو انہیں کامیابی کی طرف دھکیل رہی ہے۔

دوسری جانب، انہوں نے کہا کہ سلمان خان کے ستارے اس وقت زیادہ موافق نہیں، جس کی وجہ سے انہیں صحت کے مسائل اور پیشہ ورانہ رکاوٹوں کا سامنا ہوسکتا ہے۔

ان کے مطابق، سلمان خان آئندہ برسوں میں فلمی میدان میں کوئی بڑا کارنامہ انجام دینے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل مشہور نجومی گیتا نجلی سکسینہ نے بھی سلمان خان کے لیے مشکل سال کی پیشگوئی کی تھی اور مشورہ دیا تھا کہ وہ اگلے سال نئی فلم ریلیز کرنے سے گریز کریں اور محتاط رہیں۔