چار دہائیوں کا انتظار ختم، ٹام کروز کو پہلا آسکر مل گیا

لاس اینجلس: ہالی وڈ کے معروف ایکشن ہیرو ٹام کروز کو بالآخر ان کے طویل اور شاندار کیریئر کے اعتراف میں پہلا اعزازی آسکر ایوارڈ دیا گیا۔ اس اعزاز کے لیے وہ تقریباً ساڑھے چار دہائیوں تک انتظار کرتے رہے۔

اتوار کی شام لاس اینجلس میں ہونے والی سالانہ گورنرز ایوارڈز کی پروقار تقریب میں اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز نے ٹام کروز کو یہ اعزاز پیش کیا، جس پر حاضرین نے انہیں ایک منٹ تک کھڑے ہو کر داد دی۔

63 سالہ اداکار کو اپنے پورے کیریئر میں بہترین اداکاری کے لیے چار بار آسکر کے لیے نامزد کیا گیا، لیکن وہ کبھی جیت نہ سکے۔ اس بار بھی انہیں کسی فلمی کردار کے لیے نہیں بلکہ ان کی مجموعی خدمات، اثر انگیزی اور سینما میں غیر معمولی شراکت کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا گیا۔

ٹرافی وصول کرتے ہوئے ٹام کروز نے کہا: ’’فلمیں بنانا صرف میرا کام نہیں، یہ میرا وجود ہے۔‘‘ اس موقع پر انہوں نے اپنے فلمی سفر کے دوران ساتھ رہنے والے تمام ہدایتکاروں، فنکاروں اور ساتھی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔

اس سال اعزازی آسکر حاصل کرنے والوں میں ٹام کروز کے علاوہ مشہور کوریوگرافر ڈیبی ایلن، ویژنری پروڈکشن ڈیزائنر وین تھامس اور معروف گلوکارہ ڈولی پارٹن بھی شامل تھے۔