میری باتوں کو غلط رنگ دیا جاتا ہے، ماہرہ خان کا شکوہ

پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی نئی فلم کی پروموشن کے دوران انکشاف کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر ان کی معمولی گفتگو کو بھی غلط رنگ میں ڈھال دیا جاتا ہے۔

ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے محض باتوں ہی باتوں میں کہا تھا کہ ان کی نانی انہیں سلیو لیس لباس نہ پہننے کا مشورہ دیتی تھیں، مگر اب جب بھی وہ سلیو لیس تصویر شیئر کرتی ہیں تو لوگ فوراً طنزیہ تبصرے کرتے ہیں کہ وہ ’نانی کو بھول گئی ہیں‘۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے وہ جملے نہ کسی کے خلاف تھے اور نہ ہی کوئی بیانیہ تشکیل دینے کے لیے تھے، لیکن انہیں بلا وجہ تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے اقرار کیا کہ اب وہ گفتگو کرتے ہوئے بہت احتیاط برتتی ہیں اور کئی سوالات سے گریز کرتی ہیں کیونکہ ایک چھوٹی سی بات بھی غلط انداز میں پیش کی جاسکتی ہے۔

ماہرہ خان نے کہا کہ وہ اپنی ذاتی حدود اور خاندان سے متعلق گفتگو میں مزید محتاط ہو گئی ہیں تاکہ کوئی بھی ان کی باتوں کو اپنے مطلب کے مطابق نہ توڑ مروڑ سکے۔