مسٹر بیسٹ کے مداحوں کے لیے خوشخبری: ویڈیوز پر مبنی تھیم پارک اب سعودی عرب میں

دنیا کے مقبول ترین یوٹیوبر مسٹر بیسٹ (جیمز ڈونلڈسن) نے سعودی عرب میں اپنا پہلا تھیم پارک ’’بیسٹ لینڈ‘‘ باضابطہ طور پر کھول دیا ہے۔ یہ تھیم پارک ان کی وائرل ویڈیوز، چیلنجز اور گیم اسٹائل انٹرٹینمنٹ سے متاثر ہو کر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں مسٹر بیسٹ نے اسے اپنی زندگی کے بہترین دنوں میں سے ایک قرار دیا۔

رپورٹ کے مطابق، تھیم پارک کا بنیادی مقصد مداحوں کو وہی تجربہ فراہم کرنا ہے جسے وہ مسٹر بیسٹ کی ویڈیوز میں دیکھتے ہیں۔ یوٹیوبر نے کہا کہ دنیا بھر کے پرستار ہمیشہ یہ خواہش رکھتے ہیں کہ وہ کسی نہ کسی ویڈیو کا حصہ بنیں، اور ’’بیسٹ لینڈ‘‘ اسی خواہش کو حقیقت بنانے کا عملی جواب ہے۔

نئے تھیم پارک میں نیون بلیو لائٹنگ سے مزین ماحول، جدید رولر کوسٹرز، امریکن گلیڈی ایٹر طرز کے ایکشن چیلنجز اور حقیقی مقابلوں جیسے گیم شامل ہیں۔ ایک مقبول چیلنج میں کھلاڑیوں کو روشنی جلتے ہی بٹن دبانا ہوتا ہے اور ناکامی کی صورت میں نرم تکیوں پر گرایا جاتا ہے، بالکل ویڈیوز کے انداز میں۔

تھنڈرس کے مطابق، ’’بیسٹ لینڈ‘‘ سعودی عرب کے ویژن 2030 کے منصوبوں کا حصہ ہے، جس کے تحت ملک میں تفریح، سیاحت، پروڈکشن اور ثقافتی سرگرمیوں کو عالمی معیار کے مطابق وسعت دی جا رہی ہے تاکہ معیشت کو تیل سے ہٹ کر ڈیائیورسیفائی کیا جا سکے۔

مسٹر بیسٹ نے مزید بتایا کہ ان کے 70 فیصد مداح امریکہ سے باہر ہیں، اسی لیے انہیں سعودی عرب بہترین مقام محسوس ہوا جہاں نہ صرف عالمی معیار کی شوٹنگ اور پروڈکشن ممکن ہے بلکہ وسیع اسٹوڈیو اسپیس بھی آسانی سے دستیاب ہے۔