لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فرنچائزز کے لیے تجدید کی پیشکشیں اور نئی فرنچائز فیس کی تفصیلات سامنے آگئیں، تاہم ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کو یہ پیشکش موصول نہیں ہوئی۔
پی ایس ایل انتظامیہ نے تصدیق کی کہ تجدید کی پیشکشیں تمام مطمئن فرنچائزز کو بھیجی گئی ہیں، مگر سلطانز کے نمائندے نے کہا کہ ان کی ٹیم کو ابھی تک پیشکش نہیں ملی۔ دیگر پانچ فرنچائزز نے تصدیق کی کہ لیگ کی مینجمنٹ نے جمعرات کو مالکان کے ساتھ ملاقات کے بعد آئندہ دس سال کے لیے تجدید کی پیشکشیں روانہ کی ہیں۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ اس سال لیگ میں دو نئی ٹیموں کو شامل کیا جائے گا۔ ممکنہ شہروں میں حیدرآباد، سیالکوٹ، مظفرآباد، فیصل آباد، گلگت اور راولپنڈی شامل ہیں، جن میں سے دو شہروں کا انتخاب کیا جائے گا۔
سلطانز کو مستقبل کے شیڈول اور آپریشنز کے اجلاس میں مدعو کیا گیا، لیکن وہ مالی معاملات پر ہونے والے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔
واضح رہے کہ علی ترین اور لیگ کے درمیان دیرینہ اختلافات اس وقت کھل کر سامنے آئے جب ترین نے لیگ پر شفافیت اور رابطے کی کمی پر تنقید کی۔ پہلے پی ایس ایل نے انہیں بلیک لسٹ کرنے کی دھمکی دی تھی، جس کے بعد ترین نے طنزیہ ویڈیو معافی پیش کی، لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسے تسلیم نہیں کیا۔
دوسری طرف، تمام فرنچائزز کو تجدید کی پیشکش پر 10 دن کے اندر جواب دینا ہوگا، جبکہ نئے سالانہ فرنچائزز فیس میں کم از کم 25 فیصد اضافے کی توقع ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا نیا آٹھ ٹیموں والا ایڈیشن آئندہ سال اپریل اور مئی میں منعقد ہوگا۔

