بابر اعظم کی سنچری کے ساتھ ہی پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ ون ڈے سنچریوں کا ریکارڈ برابر

اسلام آباد: پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے پاکستان کے لیے سب سے زیادہ ون ڈے سنچریوں کا ریکارڈ برابر کر دیا۔

بابر اعظم نے اس موقع پر قومی ریکارڈ برابر کیا جو سابق اسٹار بیٹر سعید انور کے نام تھا، جنہوں نے 244 اننگز میں پاکستان کے لیے 20 ون ڈے انٹرنیشنل سنچریاں اسکور کی تھیں۔ بابر اعظم نے 136 اننگز میں اپنے کیرئیر کی 20ویں ون ڈے سنچری مکمل کی۔

اس کارنامے کے بعد بابر اعظم کم سے کم اننگز میں 20 ون ڈے سنچریاں مکمل کرنے والے تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ نے 108 اننگز اور بھارت کے ویرات کوہلی نے 133 اننگز میں یہ سنگ میل حاصل کیا تھا۔

واضح رہے کہ بابر اعظم نے دو سال، دو ماہ اور 15 دن بعد بین الاقوامی سنچری اسکور کی، جس سے ان کی بہترین فارم اور مستقل مزاجی کا ثبوت ملا۔