اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ٹیموں اور دیگر متعلقہ اثاثوں کی ویلیوایشن کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ پی سی بی نے تمام اہل فرنچائزز کو اگلے دس برس کے لیے نئی فیس کے ساتھ معاہدوں کی تجدید کی پیشکش بھیج دی ہے اور انہیں مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر اپنے فیصلے سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے پی سی بی نے فرنچائز کے نمائندوں اور چارٹرڈ فرم ای وائی مینا کے درمیان مشترکہ اور انفرادی ملاقاتوں کا انتظام کیا ہے۔ ان ملاقاتوں کے دوران فرنچائز مالکان کو ویلیوایشن کے طریقہ کار کا جائزہ لینے اور سوالات کرنے کا موقع دیا جائے گا۔
پی سی بی کو چارٹرڈ فرم ای وائی مینا کی جانب سے دو نئی پی ایس ایل فرنچائز ٹیموں کی ممکنہ قیمت کے بارے میں رپورٹس بھی موصول ہو گئی ہیں۔ ان ٹیموں کی فروخت کے لیے ٹینڈر کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔ نئی فرنچائز خریدنے میں دلچسپی رکھنے والوں کو جن شہروں کے نام منتخب کرنے کی اجازت دی جائے گی، ان میں حیدرآباد، سیالکوٹ، مظفرآباد، فیصل آباد، گلگت اور راولپنڈی شامل ہیں۔
پی سی بی انتظامیہ نے عزم ظاہر کیا ہے کہ لیگ کے تمام شراکت داروں کے ساتھ منصفانہ، شفاف اور باہمی مفاد پر مبنی تعلقات برقرار رکھے جائیں گے، کیونکہ پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کی ترقی اور عالمی سطح پر پہچان میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

