بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ جنوبی افریقی کپتان ٹمبا باووما کے بارے میں نامناسب اور غیرسنجیدہ تبصرہ کرنے کے باعث مشکل میں پڑ گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایل بی ڈبلیو کی اپیل مسترد ہونے کے بعد بھارتی کھلاڑی ریویو لینے یا نہ لینے پر مشورہ کر رہے تھے، اسی دوران بمراہ نے باووما کے قد کا مذاق اڑاتے ہوئے نازیبا الفاظ استعمال کیے۔
ماہرین کے مطابق، بمراہ کا یہ تبصرہ آئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ برائے کھلاڑیوں اور پلیئر سپورٹ پرسنل کے آرٹیکل 2.1.4 کے تحت آتا ہے، جس میں ایسے الفاظ استعمال کرنا شامل ہے جو کسی کھلاڑی کی عزتِ نفس یا ذاتی حیثیت کو نقصان پہنچائیں۔
آئی سی سی قوانین کے مطابق، آرٹیکل 2.1.4 کی خلاف ورزی لیول 1 کا جرم تصور ہوتی ہے، جس کی سزا میں سرزنش، میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ اور ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹس شامل ہوسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ جسپریت بمراہ کو حال ہی میں پاکستان کے خلاف ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں لیول 1 کی خلاف ورزی پر ایک ڈی میرٹ پوائنٹ مل چکا ہے۔
آئی سی سی کی پالیسی کے مطابق، اگر کوئی کھلاڑی 24 ماہ کے اندر چار یا اس سے زیادہ ڈی میرٹ پوائنٹس تک پہنچ جائے تو یہ پوائنٹس معطلی پوائنٹس میں تبدیل ہو جاتے ہیں، جس کے نتیجے میں ایک ٹیسٹ یا دو ون ڈے/ٹی20 میچز پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔
کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آئی سی سی نے اس ویڈیو کا نوٹس لیا تو بمراہ مزید مشکلات میں گھر سکتے ہیں۔

