شعیب ملک سے علیحدگی کے بعد ثانیہ مرزا کے دل کے زخم پہلی بار بیان

کراچی: عالمی شہرت یافتہ سابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے انکشاف کیا ہے کہ سابق شوہر شعیب ملک سے علیحدگی کے بعد وہ ذہنی دباؤ اور اضطرابی دوروں (پینک اٹیک) کا شکار رہیں۔

اپنے یوٹیوب شو “سرونگ اِٹ اپ ود ثانیہ” میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ “جب میں شو کے لیے لائیو جانے والی تھی تو میرا جسم کانپ رہا تھا، دل کی دھڑکن تیز تھی، میں تقریباً شو سے باہر ہونے والی تھی۔ تب میری دوست فرح خان فلم سیٹ سے وقت نکال کر آئیں اور کہا کہ ‘تم یہ شو ضرور کرو گی’، ان کے الفاظ نے مجھے سنبھالا دیا۔”

ثانیہ مرزا نے کہا کہ طلاق کے بعد زندگی نئے سرے سے ترتیب دینا ایک مشکل مرحلہ تھا۔ “اب سب کچھ خود کرنا ہوتا ہے، بیٹے کی تربیت، اسکول، نیند کا شیڈول، ہر چیز کی ذمہ داری خود نبھانی پڑتی ہے۔ لیکن مجھے اپنے بچے کے لیے مضبوط رہنا ہے۔”

انہوں نے کہا کہ “دوست مشکل وقت میں سب سے بڑی طاقت ہوتے ہیں۔ فرح خان کی دوستی نے مجھے اس وقت سہارا دیا جب میں خود کو کمزور محسوس کر رہی تھی۔”

سابق ٹینس اسٹار نے مزید کہا، “میں چاہتی ہوں کہ لوگ جانیں کہ طلاق کے بعد بھی زندگی دوبارہ ترتیب دی جا سکتی ہے۔ حوصلہ، محبت اور سپورٹ ہمیشہ موجود ہوتی ہے، بس اسے قبول کر کے آگے بڑھنا ہوتا ہے۔”

واضح رہے کہ ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کے درمیان 2024 میں طلاق ہوئی تھی۔ دونوں کا ایک بیٹا اذہان مرزا ملک ہے۔