شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں پہلا ون ڈے، آئی سی سی نے جرمانہ عائد کر دیا

راولپنڈی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم پر سلو اوور ریٹ کی وجہ سے میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، آئی سی سی پینل آف میچ ریفریز کے ممبر علی نقوی نے پاکستان ٹیم پر یہ جرمانہ عائد کیا کیونکہ ٹیم نے مقررہ وقت میں چار اوورز کم کرائے۔ آئی سی سی ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.22 کے مطابق، ہر اوور کی کمی پر میچ فیس کا پانچ فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے اس سزا کو قبول کر لیا ہے، جس کے باعث کسی باقاعدہ سماعت کی ضرورت باقی نہیں رہی۔

واضح رہے کہ منگل کو راولپنڈی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 6 رنز سے شکست دی تھی۔ یہ میچ تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کا پہلا میچ تھا۔