آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر: اعزاز کا دفاع کرنے والے محمد آصف ایونٹ سے باہر

دوحا: آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے محمد آصف اپنے اعزاز کے دفاع میں کوارٹر فائنل میں شکست کھا کر مقابلے سے باہر ہو گئے۔

تین مرتبہ کے عالمی چیمپئن محمد آصف کوارٹر فائنل میں پولینڈ کے مائیکل سزوبرکزی سے سخت مقابلے کے بعد 3-4 فریم سے ہار گئے۔ محمد آصف نے پری کوارٹر فائنل میں ایران کے تجربہ کار کھلاڑی عامر سرکوش کو شکست دی تھی۔

پاکستان کے دیگر کھلاڑی اسجد اقبال بھی کوارٹر فائنل میں ناکامی سے دوچار ہوئے اور انہیں انگلینڈ کے ہاروی چینڈلر نے 1-4 فریم سے زیر کیا۔ اسجد اقبال نے پری کوارٹر فائنل میں ہانگ کانگ کے چائو ہون مان کو 1-4 سے شکست دی تھی۔

پاکستان کے عالمی انڈر 17 چیمپئن محمد حسنین اختر اور شاہد اقبال بھی پہلے ہی چیمپئن شپ سے باہر ہو چکے تھے۔

واضح رہے کہ بھارت کے معروف کھلاڑی اور سابق عالمی چیمپئن پنگٹ ایڈوانی بھی پہلے ہی راؤنڈ میں شکست سے دوچار ہو چکے ہیں۔