فیلڈ مارشل کی کوششوں سے سری لنکن کرکٹ ٹیم نے اسلام آباد دھماکے کے باوجود دورہ پاکستان جاری رکھنے کا فیصلہ کیا
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا کہ اسلام آباد کچہری دھماکے کے بعد سری لنکن کرکٹ ٹیم نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان میں اپنا دورہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے فوراً بعد پاکستان کے فیلڈ مارشل نے سری لنکا کے سیکرٹری دفاع سے بات کر کے سکیورٹی یقین دہانی کرائی، جس کے بعد سری لنکن صدر نے ٹیم سے بات کی اور کھیل جاری رکھنے کی منظوری دی۔
وزیر داخلہ نے سینیٹ میں بتایا کہ سری لنکن بورڈ نے دورہ جاری رکھنے یا ملتوی کرنے کا فیصلہ کھلاڑیوں پر چھوڑ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سکیورٹی خدشات دور کر دیے گئے اور پاکستان آرمی، رینجرز اور اسلام آباد پولیس نے ٹیم کی حفاظت کے لیے مکمل انتظامات کیے۔ سری لنکن کھلاڑیوں کو اسٹیٹ گیسٹ پروٹوکول کے تحت سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔
محسن نقوی نے بتایا کہ اسلام آباد اور وانا کے خودکش دھماکوں میں افغان شہری ملوث تھے اور حکومت اس معاملے کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی افغان باشندوں کو ملک سے نکالنے کے اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سری لنکن ٹیم کے ساتھ مشاورت میں ان کے تمام سکیورٹی خدشات کو حل کیا گیا اور ٹیم کے کھلاڑیوں نے بڑے حوصلے سے پاکستان میں کھیل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔
یاد رہے کہ سری لنکا پاکستان کے خلاف بقیہ دو ون ڈے میچز اور سہ ملکی سیریز کھیلنے والا ہے، جس کا دوسرا ون ڈے کل راولپنڈی میں شیڈول ہے۔

