‘فرینڈ شپ ناٹ آؤٹ‘، سری لنکن ٹیم کا دورہ پاکستان جاری رکھنے کا فیصلہ

راولپنڈی، سری لنکن کرکٹ ٹیم نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مکمل یقین دہانی کے بعد دورہ پاکستان جاری رکھنے کا حتمی فیصلہ کرلیا۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ (ایس ایل سی) نے اپنے باضابطہ بیان میں کہا ہے کہ ’’کئی کھلاڑیوں نے پاکستان میں سیکیورٹی سے متعلق خدشات ظاہر کیے تھے، تاہم پی سی بی کے ساتھ مکمل مشاورت کے بعد تمام انتظامات کو اطمینان بخش قرار دیا گیا ہے۔‘‘

بیان کے مطابق سری لنکن ٹیم پاکستان کے دورے کو شیڈول کے مطابق مکمل کرے گی، اور جو کھلاڑی یا اسٹاف ممبر وطن واپس گیا، اس کے خلاف باقاعدہ کارروائی ہوگی۔ ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا گیا کہ اگر کوئی کھلاڑی شرکت سے انکار کرے تو متبادل کھلاڑی پاکستان بھیجا جائے گا۔

یاد رہے کہ ایک روزہ سیریز اور سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان میں موجود سری لنکن ٹیم نے گزشتہ روز سیکیورٹی خدشات کے باعث دورہ ادھورا چھوڑ کر وطن واپسی کی درخواست کی تھی۔

ذرائع کے مطابق، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور سری لنکن ٹیم کے کھلاڑیوں کے درمیان 90 منٹ طویل ملاقات ہوئی، جس میں سری لنکن کپتان، کوچنگ اسٹاف اور بورڈ نمائندے شریک تھے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے تمام کھلاڑیوں کو یقین دلایا کہ ’’پاکستان کرکٹ بورڈ نہ صرف سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے بلکہ میں خود ذاتی طور پر کھلاڑیوں کی حفاظت کی نگرانی کروں گا۔‘‘

انہوں نے سری لنکن پلیئرز کی فیملیز کو بھی پاکستان آنے اور میچز دیکھنے کی دعوت دی، جس سے کھلاڑیوں کے خدشات میں نمایاں کمی آئی۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق، سری لنکن ٹیم کے تحفظات دور کرنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ہوٹل سے اسٹیڈیم تک ٹیموں کی نقل و حرکت کے دوران خصوصی روٹ اور کمانڈوز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح کیا کہ ’’سری لنکا کرکٹ کے ساتھ ہمارے تعلقات مضبوط ہیں، اور ہم چاہتے ہیں کہ یہ سیریز دونوں ملکوں کے شائقین کے لیے خوشگوار ثابت ہو۔‘‘

سری لنکن بورڈ کے ترجمان کے مطابق، ٹیم اور عملے کی سلامتی اولین ترجیح ہے، اور پی سی بی کے تعاون سے سیکیورٹی پلان مکمل تسلی بخش ہے۔

دوسری جانب، پی سی بی حکام نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان بقیہ ون ڈے 14 اور 16 نومبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ 13 اور 15 نومبر کے میچز کے ٹکٹس 14 اور 16 نومبر کو کارآمد ہوں گے۔