جنت مرزا کا ڈراموں میں کام نہ کرنے کا انکشاف – وجہ حیران کن!

پاکستان کی مشہور ٹک ٹاکر اور اداکارہ جنت مرزا نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ڈراموں میں کام کیوں نہیں کرتیں۔

فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی جنت مرزا نے سید نور کی فلم "تیرے باجرے دی راکھی” سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا، مگر یہ فلم زیادہ کامیاب نہ ہو سکی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جنت مرزا کو "پری زاد” اور "ہم کہاں کے سچے تھے” جیسے سپر ہٹ ڈراموں میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تھی، لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔

حال ہی میں نجی ٹی وی کے ایک شو میں اپنے خاندان کے ہمراہ گفتگو کے دوران انہوں نے ڈرامہ انڈسٹری سے دوری کی وجہ بتائی۔

جنت مرزا نے کہا کہ تقریباً تمام ڈراموں کی شوٹنگ کراچی میں ہوتی ہے، لیکن انہیں ہوائی جہاز میں سفر کرنے سے خوف آتا ہے، اس لیے وہ بار بار کراچی نہیں جا سکتیں۔

انہوں نے مزید وضاحت کی کہ ڈرامہ سائن کرنا ایک طویل المدتی ذمہ داری ہوتی ہے، جس کے لیے وہ خود کو تیار نہیں سمجھتیں۔ جب ان سے کراچی منتقل ہونے کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ان کے والدین فیصل آباد میں رہنا پسند کرتے ہیں اور کراچی شفٹ نہیں ہونا چاہتے۔

خیال رہے کہ جنت مرزا پاکستان کی سب سے مشہور ٹک ٹاکر ہیں اور انسٹاگرام پر بھی ان کی بڑی فین فالوونگ موجود ہے۔ ان کی بہن علشبہ انجم بھی ایک مقبول سوشل میڈیا اسٹار ہیں۔ دونوں بہنیں نہ صرف ٹک ٹاک ویڈیوز بناتی ہیں بلکہ مختلف برانڈز کی تشہیر بھی کرتی ہیں۔