وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے تاریخی ملاقات: ایران امریکہ مذاکرات اور علاقائی امن پر اہم مشاورت
جدہ: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے سرکاری دورہ سعودی عرب کے دوران جدہ کے قصرِ سلام میں سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ایک اہم اور دور رس نتائج کی حامل ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے لیے قصرِ سلام پہنچنے پر سعودی ولی عہد نے وزیراعظم کا پُرتپاک استقبال کیا، جس کے بعد ہونے والے تفصیلی مذاکرات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی شریک تھے۔
سعودی خبر رساں ادارے (SPA) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے پاک سعودی اسٹریٹجک شراکت داری کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
سعودی ولی عہد نے پاک سعودی تعلقات کو مستحکم بنانے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی مسلسل کاوشوں کی تعریف کی اور سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کا سب سے اہم پہلو خطے کی موجودہ صورتحال اور خاص طور پر اسلام آباد میں جاری ایران امریکہ مذاکرات رہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کی جانب سے کی جانے والی حالیہ سفارتی کوششوں اور امریکہ و ایران کے درمیان تاریخی امن مذاکرات میں سہولت کاری کے کردار سے آگاہ کیا۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے مدبرانہ کردار کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب خطے میں امن و استحکام اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے ان اقدامات کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں مستقل امن کے لیے سفارتی مکالمہ ہی واحد راستہ ہے اور اس ضمن میں پاکستان کی مخلصانہ کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔
ملاقات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر اپنے پیغام میں ولی عہد کے ساتھ ملاقات کو انتہائی خوشگوار قرار دیتے ہوئے انہیں اپنا "پیارا بھائی” مخاطب کیا۔
وزیراعظم نے ولی عہد کی قیادت میں سعودی عرب کے صبر و تحمل اور علاقائی امن کے لیے ان کے وژن کی تعریف کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی اور سیکیورٹی تعلقات منفرد نوعیت کے ہیں اور دونوں ممالک اپنی پائیدار شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم نے پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں ایک ذمہ دار ملک کے طور پر اپنا مثبت سفارتی کردار جاری رکھے گا۔
یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب عالمی برادری کی نظریں اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے اگلے دور پر جمی ہیں، اور سعودی عرب کی تائید نے پاکستان کے سفارتی موقف کو مزید تقویت فراہم کی ہے۔

