ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کی شادی؟ یشما گل نے حقیقت بتادی

کراچی: پاکستانی اداکارہ یشما گل نے اپنی قریبی دوست ہانیہ عامر اور گلوکار عاصم اظہر کی ممکنہ شادی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر لب کشائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس بارے میں کوئی معلومات نہیں۔

اداکارہ یشما گل نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے رمضان شو میں شرکت کی جہاں فون کال کے ذریعے ایک مداح نے ان سے سوال کیا کہ وہ ہانیہ عامر کی بہترین دوست ہیں، کیا وہ ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کی شادی کے بارے میں کچھ بتا سکتی ہیں۔

اس سوال کے جواب میں یشما گل نے کہا کہ کسی بھی دو افراد کی شادی ان کا ذاتی معاملہ ہوتا ہے اور اس بارے میں وہی لوگ بہتر طور پر بتا سکتے ہیں جن کی شادی ہو رہی ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہیں ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کی شادی سے متعلق کوئی علم نہیں۔

یشما گل کا کہنا تھا کہ اگر واقعی ایسی کوئی خبر ہوئی تو دونوں فنکار خود اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم خاص طور پر انسٹاگرام کے ذریعے اس کا اعلان کریں گے۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ دعا کرتی ہیں کہ ہر کسی کی شادی اچھی جگہ اور صحیح وقت پر ہو اور ہر شخص کو ایسا شریک حیات ملے جو اس کی عزت اور خیال کرے۔