ماہرہ خان نے ہمایوں سعید کو ولن کے کردار میں دیکھنے کی خواہش کا اظہار کر دیا

عالمی شہرت یافتہ اداکارہ ماہرہ خان نے سینئر اداکار ہمایوں سعید کو منفی کردار ادا کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انہیں ولن کے روپ میں دیکھنا چاہتی ہیں۔

ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ اپنی آنے والی فلم ’’آگ لگے بستی میں‘‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں۔ اس سلسلے میں دونوں نے مزاحیہ پروگرام ’’ہنسنا منع ہے‘‘ میں شرکت کی جہاں میزبان تابش ہاشمی نے ان کے ساتھ مختلف کھیل کھیلے اور سوالات کیے۔

پروگرام کے دوران میزبان نے ماہرہ خان سے سوال کیا کہ وہ ہمایوں سعید کو کیا مشورہ دیں گی۔ اس پر ماہرہ خان نے کہا کہ وہ ہمایوں کو رومانوی کرداروں کے بجائے کسی منفرد منفی کردار میں دیکھنا چاہتی ہیں، جیسے نوری نتھ طرز کے کردار، تاکہ ناظرین انہیں بالکل نئے انداز میں دیکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمایوں سعید کو ایکشن کردار کرنے کا بھی شوق ہے اور انہیں اس سمت میں مزید کام کرنا چاہیے۔

اسی پروگرام میں فہد مصطفیٰ نے کہا کہ انہیں بھی ایکشن کردار کرنا پسند ہے، مگر پاکستان میں فلم سازی کے لیے جدید سہولیات کی کمی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران ایک ایکشن منظر کے دوران ان کی انگلی فریکچر ہوگئی تھی۔

واضح رہے کہ فلم میں ماہرہ خان مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں جبکہ فہد مصطفیٰ بھی اداکار اور پروڈیوسر کے طور پر شامل ہیں۔ فلم میں ایکشن اور مزاح کا امتزاج دکھایا گیا ہے اور شائقین اسے دیکھنے کے لیے بے صبری سے منتظر ہیں۔