راولپنڈی: پاکستان نے تین ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے مقابلے میں سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔
مہمان ٹیم کی جانب سے لہیرو اڈارا 91 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے 3 اور محمد عمران رندھاوا نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ صائم ایوب، رضا اللہ اور شاداب خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس میچ میں محمد عمران رندھاوا اور رضا اللہ نے پاکستان کی جانب سے ٹی20 ڈیبیو بھی کیا۔
جواب میں قومی ٹیم نے 183 رنز کا ہدف 19ویں اوور کی پانچویں گیند (18.5 اوورز) پر 6 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔
فتح میں مرکزی کردار کپتان صاحبزادہ فرحان نے ادا کیا جنہوں نے 53 گیندوں پر 10 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 89 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
نوجوان بلے باز معاذ صداقت نے 28 گیندوں پر 50 رنز کی بہترین نصف سنچری اسکور کی جبکہ فخر زمان نے 21 رنز بنائے۔
سری لنکا کی طرف سے ایشان ملنگا اور مہیش تھیکشانا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

