فلائی دبئی پرواز کا معاون پائلٹ بن گوریون ایئرپورٹ پر 9/11 طرز کا حملہ کرنا چاہتا تھا، اماراتی حکام کا انکشاف
دبئی: متحدہ عرب امارات کے حکام نے سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے باضابطہ تصدیق کی ہے کہ 30 ستمبر کو دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی (Flydubai) کی پرواز FZ1073 کا عمانی معاون پائلٹ طیارے پر قبضہ کر کے اسے اسرائیل کے مرکزی بن گوریون ایئرپورٹ کے مسافر ٹرمینل سے ٹکرانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
امارات کے پراسیکیوٹر جنرل ڈاکٹر حمد الشمسی اور اٹارنی جنرل کے مطابق 29 سالہ عمانی معاون پائلٹ ہمام الحمامی 11 ستمبر 2001 (9/11) کے امریکا پر ہونے والے دہشت گرد حملوں سے متاثر تھا اور وہ اس خودکش کارروائی کے ذریعے بڑے پیمانے پر جانی نقصان پہنچانا چاہتا تھا۔
دورانِ پرواز کاک پٹ میں کپتان پر کلہاڑی اور چاقو سے حملہ کر کے طیارے کا کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم کپتان، کیبن کریو کے ایک رکن اور بعض مسافروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو قابو کر لیا، جس کے بعد طیارے کو سعودی عرب کے شہر تبوک میں ہنگامی طور پر بحفاظت اتار لیا گیا تھا۔
تحقیقات کے مطابق جنوری 2026 میں فلائی دبئی سے منسلک ہونے والا ملزم 2017 میں آسٹریلیا میں تعلیم کے دوران انتہا پسندانہ نظریات سے متاثر ہوا تھا اور اس نے پلاننگ کے لیے اس سے قبل بھی دبئی سے تل ابیب کے 2 چکر لگائے تھے۔
ملزم نے وکیل کی موجودگی میں اعترافِ جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے یہ منصوبہ اکیلے بنایا تھا، تاہم اماراتی استغاثہ اور اسرائیلی ادارے ‘شن بیت’ کے اہلکار اس کے ممکنہ سہولت کاروں اور رابطوں کا پتا لگانے کے لیے مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔

