راولپنڈی: پاکستان کی ٹی20 کرکٹ ٹیم کے نئے کپتان صاحبزادہ فرحان کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کی قیادت کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور یہ ان کے لیے "کانٹوں کا بستر” ثابت نہیں ہوگی، تاہم کھلاڑیوں کو مثبت پیغام دینے اور ٹیم کو فرنٹ سے لیڈ کرنے کے لیے کپتان کی انفرادی کارکردگی انتہائی ضروری ہوتی ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف سیریز سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں قیادت کا تجربہ رکھتے ہیں اور فخر زمان و شاداب خان جیسے سینئر کھلاڑیوں کی موجودگی سے انہیں بطور کپتان کافی مدد ملے گی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ سلیکشن کمیٹی نے انہیں 15 رکنی بہترین اسکواڈ دیا ہے اگرچہ بطور کپتان انہیں اسکواڈ کے انتخاب کے بارے میں زیادہ معلومات نہیں تھیں۔
سابق کپتانوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے سرفراز احمد کی قیادت کی تعریف کی اور کہا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں جو کسی بھی وقت ٹی20 ٹیم میں کم بیک کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل کی کپتانی کا سوچنے کے بجائے موجودہ ذمہ داری پر فوکس کر رہے ہیں اور ٹیم سے جارحانہ، بلا خوف کرکٹ کی توقع رکھتے ہیں۔

