پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستان تحریک انصاف (PTI) کو کڑے الفاظ میں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چیلنج کیا ہے کہ اگر ان میں جرات اور غیرت ہے تو صوابی کراس کرکے دکھائیں، کیونکہ صوابی کا نام سنتے ہی ان کی ٹانگیں کانپ جاتی ہیں اور یہ یو ٹرن لے کر بھاگ جاتے ہیں۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبہ جل رہا ہے اور پی ٹی آئی کی قیادت عیاشیاں کر رہی ہے، جبکہ ان کا لانگ مارچ اب ایک سرکس بن چکا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ سیاسی سرگرمیوں کے نام پر قانون شکنی یا 9 مئی جیسے واقعات دہرانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، اور اگر 9 مئی جیسے اقدامات کی کوشش کی گئی تو قانون کے مطابق سخت کارروائی ہوگی۔
انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ جس وزیراعلیٰ کی بات ایک ایس ایچ او تک نہیں مانتا، اسے اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر استعفیٰ دے دینا چاہیے۔
گورنر کے پی نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کو پالیسی کابل اور جلال آباد سے ملتی ہے، جبکہ جنوبی اضلاع میں دہشت گردی کے واقعات پر صوبائی حکمران مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ گورنر راج سے متعلق سوال پر انہوں نے واضح کیا کہ جب بھی صدرِ مملکت اور وزیراعظم مناسب سمجھیں گے، گورنر راج بھی نافذ ہو جائے گا۔

