اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (PIA) نے برطانیہ اور یورپ کے روٹس پر بڑھتی ہوئی سفری طلب کو پورا کرنے اور اپنے بین الاقوامی فضائی آپریشنز میں توسیع کے لیے ناروے کی معروف ایئرلائن نورس اٹلانٹک (Norse Atlantic) کے ساتھ دو جدید بوئنگ 9-787 ڈریم لائنر طیارے حاصل کرنے کا اہم معاہدہ کر لیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق یہ طیارے ای سی ایم آئی (ACMI) بنیادوں پر حاصل کیے جا رہے ہیں، جس کے تحت طیاروں کے ساتھ عملہ، دیکھ بھال اور انشورنس کی خدمات بھی میسر ہوں گی۔ بوئنگ 787 ڈریم لائنرز پہلی مرتبہ پاکستانی ایوی ایشن انڈسٹری کا حصہ بن رہے ہیں، جن کے ذریعے نومبر 2026 کے اوائل سے لندن ہیتھرو اور مانچسٹر سے لاہور اور اسلام آباد کے لیے پروازوں کا آغاز کیا جائے گا۔
پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر وائس مارشل عامر حیات نے بتایا کہ یہ پیشرفت قومی ایئرلائن کے بین الاقوامی نیٹ ورک کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا حصہ ہے۔ نورس اٹلانٹک کے سی ای او ایونڈ روالڈ نے بھی پی آئی اے کے ساتھ اس اسٹریٹجک شراکت داری کو خوش آئند قرار دیا۔

