وزیراعظم کا مولانا فضل الرحمان سے رابطہ، پی ٹی آئی لانگ مارچ اور کے پی کی صورتحال پر گفتگو

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے، جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتِ حال، خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی امور اور پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے جاری ‘لانگ مارچ’ سے پیدا ہونے والے حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

ذرائع کے مطابق گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ہر ممکن کوشش کی کہ سیاسی مسائل افہام و تفہیم سے حل ہوں اور حکومت اب بھی مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم اپوزیشن کو وفاقی دارالحکومت کی جانب پیش قدمی سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے موقف اپنایا کہ احتجاج اور دباؤ کی سیاست سے مسائل حل ہونے کے بجائے مزید پیچیدہ ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے تمام سیاسی تنازعات کو باہمی مفاہمت اور سنجیدہ مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیتے ہوئے اپنا روایتی مؤقف دہرایا۔ وزیراعظم نے سیاسی استحکام کے لیے مولانا فضل الرحمان کے مفاہمتی کردار کو سراہا۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کا لکی مروت سے شروع ہونے والا لانگ مارچ اپنے چھٹے روز میں داخل ہو چکا ہے، جبکہ حکومتی اور اپوزیشن وفود ڈیڈ لاک کے خاتمے کے لیے مولانا سے پہلے بھی رابطے میں رہے ہیں۔