راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انسدادِ دہشت گردی کی مؤثر کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) کے دوران فورسز نے فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر تباہ کیا، جس کے نتیجے میں 5 خوارجی ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔
دوسری جانب بلوچستان میں ‘آپریشن ردالفتنہ 3’ کے تحت کی گئی کارروائیوں میں گورندر اور ماشکیل کے علاقوں میں فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد جہنم واصل کر دیے گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ ماشکیل میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر فائرنگ کر کے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں کا فورسز نے تعاقب کیا اور انہیں موقع پر ہی ڈھیر کر دیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کی کامیا بی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورسز کے بہادر سپوتوں پر قوم کو ناز ہے اور عوام کی کامل حمایت سے ملک سے دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

