بھارتی بارڈر فورس کی فائرنگ سے 2 شہریوں کی شہادت: دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرادیا
اسلام آباد: پاکستان نے بین الاقوامی سرحد کے بیڈیاں سیکٹر میں بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کی بلااشتعال فائرنگ سے 2 نہتے پاکستانی شہریوں کی شہادت پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی بی ایس ایف اہلکاروں نے 2 اکتوبر کو بیڈیاں سیکٹر میں نہتے شہریوں کے خلاف انتہائی غیر متناسب اور بلاجواز ہلاکت انگیز طاقت کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں لدھڑ گاؤں کے دو رہائشی عظمت رسول اور محسن جٹ شہید ہو گئے۔
دفتر خارجہ نے جاں بحق شہریوں کو "درانداز” قرار دینے کی بھارتی کوشش کو قطعی طور پر مسترد کرتے ہوئے واقعے کو بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کے تحت حقِ زندگی کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔
پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو تھمائے گئے احتجاجی مراسلے میں مطالبہ کیا کہ بھارت واقعے کی فوری، شفاف اور قابلِ اعتماد تحقیقات کرائے، ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت قانون و محکمانہ کارروائی کرے اور تحقیقات کے نتائج سے پاکستان کو باضابطہ آگاہ کرے۔
دفتر خارجہ نے زور دیا کہ بھارت دوطرفہ سرحدی معاہدوں پر عمل درآمد اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرے۔

