ایشین گیمز ہاکی: پاکستان نے عمان کو 2-7 سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

ناگویا: جاپان میں جاری 20ویں ایشین گیمز 2026 کے مینز ہاکی ایونٹ میں پاکستان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے عمان کو 2 کے مقابلے میں 7 گول سے یکطرفہ شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

پول بی کے اپنے آخری اور اہم میچ میں پاکستانی ہاکی ٹیم نے ابتدائی منٹوں سے ہی جارحانہ انداز اپنایا۔ پاکستان کی جانب سے رانا وحید اشرف نے زبردست ہیٹ ٹرک اسکور کی، جبکہ سفیان خان نے پینلٹی کارنر کے ذریعے دو گول ڈاگے۔

اس کے علاوہ غضنفر علی اور محمد عماد نے ایک ایک گول کر کے ٹیم کی بڑی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ عمان کی طرف سے البراء النوفلی اور مدیت ایمن نے ایک ایک گول اسکور کیا۔

پاکستان نے پول بی میں 5 میں سے 4 میچز جیت کر 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ ملائیشیا 15 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر رہا۔

ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان یکم اکتوبر کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1:00 بجے کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا سیمی فائنل اسی دن ملائیشیا اور جنوبی کوریا کی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن (PHF) کے صدر محی الدین احمد وانی نے قومی ٹیم کو اس فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے بھارت کے خلاف سیمی فائنل میں بہترین کارکردگی کا اظہار کیا ہے۔