خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں فورسز کی کارروائیاں، فتنۃ الخوارج کے 7 دہشت گرد ہلاک

اسلام آباد: خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں کے نتیجے میں 7 شدید مطلوب دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے علاقے باڑہ میں ‘عزمِ استحکام’ وژن کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران فتنۃ الخوارج کے 5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر کے ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔

دوسری جانب بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں ‘آپریشن ردالفتنہ 3’ کے تحت کارروائی کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک دہشت گرد این-40 شاہراہ پر واٹر باؤزر اور گاڑیوں کو آگ لگانے اور تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کو ان کامیاب آپریشنز پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔