اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا دورہ ابوظبی، اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید سے ملاقات کی تصدیق

ابوظبی: متحدہ عرب امارات نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے دورۂ ابوظبی اور اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ان کی اہم ملاقات کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔

اماراتی سرکاری خبر رساں ایجنسی (وام) اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے غیر اعلانیہ و مختصر دورے پر ابوظبی کا سفر کیا، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ، علاقائی سیکیورٹی اور خصوصاً ایران کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسرائیلی اخبار ‘ہارٹز’ نے انکشاف کیا تھا کہ 7 اکتوبر 2023ء کے حماس حملے سے قبل اماراتی صدر نے نیتن یاہو کو ممکنہ خطرے سے آگاہ کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو نے دورے کے دوران اماراتی صدر سے اس رپورٹ کی عوامی سطح پر تردید کرنے کی درخواست بھی کی۔

واضح رہے کہ ستمبر 2020ء میں ‘ابراہام معاہدے’ کے تحت سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی و سیکیورٹی شعبوں میں اعلیٰ سطحی رابطے قائم ہیں، تاہم اس خفیہ دورے کو مشرقِ وسطیٰ میں بدلتی ہوئی کشیدہ صورتحال کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔