پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی کا اعلان

اسلام آباد: حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا اعلان کر دیا ہے۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اور پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 27 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 389 روپے 03 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 56 پیسے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 404 روپے 97 پیسے فی لیٹر تک آ گئی ہے۔ ان نئی قیمتوں کا اطلاق 29 ستمبر سے ہو گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی پیٹرول کی قیمت میں 2.02 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 3.59 روپے کی کمی کی گئی تھی۔

دوسری جانب امریکا اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز پر کشیدگی کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل (برینٹ کروڈ) کی قیمت 1.27 فیصد اضافے کے ساتھ 105.64 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 93.11 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی ہے۔